
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی تعلیمی اسناد پر روس جانے والے ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق، امیگریشن حکام نے جانچ پڑتال کے دوران مسافر کی میٹرک کی سند اور تفصیلی نمبروں کے سرٹیفکیٹ پر درج بار کوڈ چیک کیے۔ تاہم انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن اور وزارتِ خارجہ کے ریکارڈ میں تصدیق نہ ملنے پر ان دستاویزات کو مشکوک اور جعلی قرار دیا گیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر نے بتایا کہ یہ تعلیمی اسناد اسے فراہم کی گئی تھیں، جبکہ روس کے اسٹڈی ویزے اور فضائی ٹکٹ کا بندوبست ایک ایجنٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق اس واقعے کا مقدمہ اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی گہرائی سے چھان بین جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔ یہ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر انچارج شفٹ سی، سید کاشف علی کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جس میں ایف سی نعیم اللہ اور ایف سی حسن نثار شامل تھے، جبکہ کیس کی باقاعدہ تفتیش سب انسپکٹر شازیہ نورین کو سونپی گئی ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی کاغذات اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کے ذریعے بیرونِ ملک سفر کرنے کی کوششوں کے خلاف سخت کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
News Source: Express News