
وزیراعظم شہباز شریف کے پاک چین اقتصادی تعاون کے وژن پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی تیاری کے لیے گو گو موٹرز اور شینگ تانگ گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔ پاکستان چین بزنس فورم کے زیر اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں حکومتی شخصیات، سفارت کاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا اور سرمایہ کاری کے ذریعے صنعتی ترقی کو فروغ دینا تھا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی باہمی اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دوطرفہ تعاون کے اگلے مرحلے میں اس تاریخی دوستی کو صنعتی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافے کی صورت میں ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن پاکستان کی معاشی صلاحیت کو پائیدار صنعتی ترقی، پیداواری روزگار اور برآمدات میں اضافے میں بدلنا ہے۔ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور کاروباری سطح پر تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ سرمایہ کاری کو عملی اور تجارتی طور پر موثر منصوبوں میں ڈھالا جا سکے۔ مشیر صنعت و پیداوار نے اپنی وزارت کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وزارت متعلقہ اداروں اور چینی سفارت خانے سے رابطے کے ذریعے چینی کاروباری وفود کو مکمل سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں وفود کو ضروری انتظامی اور ادارہ جاتی معاونت دی جا رہی ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق اس تقریب کا نمایاں سنگ میل گو گو موٹرز اور شینگ تانگ گروپ کے مابین پاکستان میں الیکٹرک بسیں تیار کرنے کے مجوزہ منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط تھے۔ اس اقدام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کا فروغ اور میڈ ان پاکستان کے تحت برآمد کے لائق گاڑیاں تیار کرنے کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا شعبہ پاکستان میں صنعتی بنیاد وسیع کرنے، مقامی سپلائی چینز کو ترقی دینے اور جدید آٹو موٹیو ٹیکنالوجی میں ملکی پوزیشن مستحکم بنانے کے بہترین مواقع لاتا ہے۔ چینی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک سے پاکستان زیادہ قدر والی پیداوار کی جانب بڑھے گا اور ہنرمند نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے، مراعات کی فراہمی اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے حکومتی عزم کو بھی دہرایا۔
News Source: Express News