اسٹیج پر نازیبا گفتگو کا تنازع، ہنی سنگھ کو سائبر سیل کی آخری وارننگ

News Image

بھارتی گلوکار ہنی سنگھ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متنازع ویڈیو کے معاملے میں پولیس کی جانب سے سخت قانونی کارروائی کی تنبیہ جاری کر دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار کو تفتیش کے لیے مسلسل تین بار طلب کیا گیا تھا لیکن وہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے، جس پر سائبر سیل کے اعلیٰ حکام نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہنی سنگھ نے ہر مرتبہ بیرون ملک ہونے کا عذر پیش کر کے تفتیش میں شرکت سے گریز کیا۔ تاہم حکام نے اب انہیں آخری وارننگ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مزید عدم تعاون کی صورت میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکتی ہے۔ یہ تنازع نئی دہلی میں منعقدہ ایک کنسرٹ کے دوران شروع ہوا، جہاں ہنی سنگھ کی جانب سے مبینہ طور پر غیر اخلاقی اور نازیبا جملے ادا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں اور عوام کی جانب سے گلوکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ معاملہ سنگین ہونے پر ہنی سنگھ نے معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نئی نسل یعنی جنریشن زی کے انداز گفتگو میں کوئی بات سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے، البتہ بعد میں انہیں اپنی غلطی اور نامناسب طریقے کا احساس ہوا۔ واضح رہے کہ ہنی سنگھ اس سے پہلے بھی اپنے گانوں کے حوالے سے تنازعات کی زد میں رہے ہیں۔ رواں سال اپریل میں دہلی ہائی کورٹ نے ان کے ایک گانے کو انتہائی فحش اور خواتین کی تذلیل کا باعث قرار دیتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی تھی کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سے اس کے تمام لنکس ہٹا دیے جائیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا تھا کہ فنکارانہ آزادی کو فحاشی کے جواز کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اب وائرل ویڈیو کے تناظر میں سائبر سیل کی نئی وارننگ کے بعد ہنی سنگھ کے لیے مزید قانونی مشکلات کھڑی ہونے کا امکان ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم