پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی

News Image

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین سہ ملکی ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس سہ ملکی سیریز کا باقاعدہ آغاز اتوار کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔ اس سیریز میں مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے 3 راولپنڈی اور فائنل سمیت 4 میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔ تمام مقابلے دوپہر ایک بجے شروع ہوں گے۔ ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر تینوں کپتانوں نے الگ الگ پریس کانفرنسز بھی کیں۔ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے انگلینڈ اور سری لنکا کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمارا اصل ہدف سیریز جیتنا ہے اور ہم نے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے، اس سیریز کے ذریعے ورلڈ کپ اسکواڈ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے تجربہ کار بلے باز بابر اعظم کو ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں مکمل اتحاد ہے، جبکہ سلمان علی آغا کی پرفارمنس بھی شاندار جا رہی ہے جنہوں نے حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنائی ہے۔ سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ میدان میں کوئی ٹیم فیورٹ نہیں ہوتی بلکہ جو اچھا کھیل پیش کرے گی وہی جیتے گی۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے لیکن یہاں کھیلتے ہوئے مجھے زیادہ اعتماد محسوس ہوتا ہے۔ ہیری بروک کا کہنا تھا کہ انہوں نے 22 سال کی عمر میں پاکستان سپر لیگ کھیلی تھی اور پی ایس ایل کھیلنے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت مدد ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا ٹیم کو بھرپور فائدہ ہوگا۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم