اسلام آباد میں ڈبلیو 15 ورلڈ ویمنز ٹینس چیمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر

News Image

اسلام آباد میں ڈبلیو 15 ورلڈ ویمنز ٹینس چیمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ فرانس کی آسٹرڈ سیروٹ نے ویمنز سنگلز جبکہ تھائی لینڈ اور چین کی جوڑی نے ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار 15 ہزار ڈالر کی انعامی رقم پر مشتمل انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ منعقد ہوا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان بلانے کا مقصد انہیں ملک دکھانا اور دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال فیڈریشن نے 14 ٹینس ٹورنامنٹس منعقد کرائے ہیں اور مستقبل میں مزید بین الاقوامی مقابلے کرانے کی منصوبہ بندی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں کی بھی سرپرستی ہونی چاہیے۔ جنید فیملی فاونڈیشن کے چیئرمین انصر جنید نے کہا کہ چیمپئن شپ کے انعقاد سے خواتین کی ٹینس کو فروغ ملا ہے اور کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی نسل ٹینس میں پاکستان کے لیے نمایاں کامیابیاں سمیٹے گی۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں معیاری ٹینس دیکھنے کو ملی اور امید ہے کہ تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئی ہوں گی۔ انہوں نے کھیلوں کی سفارت کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے لاس اینجلس اولمپکس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے پُرجوش ہونے کا اظہار کیا۔ ویمنز سنگلز فائنل میں فرانس کی آسٹرڈ سیروٹ نے تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ کو تین سیٹ کے دلچسپ مقابلے کے بعد مات دی۔ ڈبلز فائنل میں تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ اور چین کی رو شی وو نے جرمنی اور ازبکستان کی جوڑی کو شکست دی۔ اس ٹورنامنٹ میں 17 ممالک کی 31 خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں فاتح اور رنرز اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم