
نیاٹیل نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) کے ساتھ ایک پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت بینک کو نیاٹیل کلاوڈ پر این میل کاروباری حل فراہم کیا جائے گا جو زمبرا کے تعاون سے کام کرتا ہے۔ اس معاہدے کے تحت زیڈ ٹی بی ایل اپنی کاروباری ای میل سروسز کو پاکستان میں موجود نیاٹیل کے کلاوڈ انفراسٹرکچر پر منتقل کرے گا، جہاں اسے چوبیس گھنٹے تکنیکی معاونت حاصل ہوگی۔ یہ شراکت داری مقامی سطح پر ہوسٹ کیے گئے انٹرپرائز سلوشنز کی بڑھتی ہوئی مانگ کو ظاہر کرتی ہے جو بہترین کارکردگی، فوری معاونت اور ڈیٹا پر مکمل کنٹرول فراہم کرتے ہیں۔ این میل بین الاقوامی ای میل پلیٹ فارمز کا ایک مقامی متبادل ہے، جو انٹرپرائز مواصلاتی صلاحیتوں کے ساتھ مقامی ہوسٹنگ اور سروس کی فراہمی کو یکجا کرتا ہے۔ نیاٹیل دیگر اداروں کے ساتھ بھی اس قسم کے معاہدوں کے لیے کوشاں ہے۔ نیاٹیل کے ای وی پی سیلز اینڈ مارکیٹنگ شیخ واجد محمود نے کہا کہ یہ معاہدہ نیاٹیل کی انٹرپرائز کلاوڈ صلاحیتوں پر بینک کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ہم ایک ایسے مقامی حل کے ذریعے بینک کی مواصلاتی ضروریات پوری کرنے پر خوش ہیں جو مستحکم ڈھانچے، بھرپور معاونت اور پاکستان کے اندر ڈیٹا کے قیام کو یقینی بناتا ہے۔ زیڈ ٹی بی ایل کے ایس وی پی پی آر اینڈ میڈیا سروسز انعام اللہ خٹک نے کہا کہ ہمارے روزمرہ کام کے لیے قابل اعتماد کاروباری مواصلات نہایت ضروری ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم نیاٹیل کے مقامی انفراسٹرکچر اور تکنیکی مہارت کی مدد سے اپنے ای میل نظام کو مزید مستحکم کرنے کے منتظر ہیں۔
News Source: Express News