
پاکستان کی ٹیکنالوجی اور جدت طرازی میں شاندار کامیابیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔ پاکستانی اداروں نے ایک بڑے بین الاقوامی ٹیکنالوجی ایونٹ میں 11 مختلف شعبوں میں ایوارڈز اپنے نام کر کے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ یہ اعزازات ایشیائی و اوشیانی کمپیوٹنگ انڈسٹری آرگنائزیشن کے زیر اہتمام تقریب میں جیتے گئے۔ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں منعقد ہونے والے ڈیجیٹل اینڈ اے آئی ایوارڈز 2026 میں ایشیا اور اوشیانا خطے کے 26 ممالک نے شرکت کی۔ اس موقع پر سائبر سیکیورٹی، صحت، تعلیم، زراعت اور مالیاتی خدمات کے میدان میں پاکستان کی شاندار کامیابیوں نے عالمی سطح پر ملکی وقار میں اضافہ کیا۔ چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاوسز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شعیب اے خان کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈز پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر کی غیر معمولی جدت اور صلاحیتوں کا واضح اور روشن ثبوت ہیں۔
News Source: Express News