پاکستانی اسکول کرکٹ میں ’ایڈم گلکرسٹ‘ نے سنچری بنا دی

News Image

پاکستانی اسکول کرکٹ میں شاندار سنچری اسکور کرنے والا نوجوان وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور وہ شہرت حاصل کرتے ہی عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں میں آ گیا ہے۔ سابق آسٹریلوی لیجنڈ کی طرح بائیں ہاتھ سے کھیلنے والا یہ وکٹ کیپر بیٹر سوشل میڈیا پر بھی بے حد وائرل ہو چکا ہے۔ ایڈم گلکرسٹ نے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکول کرکٹ چیمپئن شپ انڈر 17 میں ہیپی پیلس گرامر اسکول کراچی کے خلاف کامران پبلک اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے 108 گیندوں پر 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اوپنر کی حیثیت سے میدان میں اترنے والے ایڈم گلکرسٹ نے 145 منٹ تک کریز پر ٹھہر کر 11 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔ ان کے 117 رنز کی بدولت کامران پبلک اسکول نے مقررہ 40 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے اور مقابلہ 172 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کر لیا۔ اس چیمپئن شپ میں یکم ستمبر 2009 اور اس کے بعد پیدا ہونے والے باصلاحیت کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ اس ابھرتے ہوئے کرکٹر کی والدہ نے ان کا نام ایڈم رکھا تھا جبکہ کرکٹ سے گہری دلچسپی کی بنا پر والد نے نام کے ساتھ گلکرسٹ کا اضافہ کر دیا۔ ایڈم گلکرسٹ کا کہنا ہے کہ وہ کمار سنگاکارا کی مانند بننا چاہتے ہیں اور وہ ان کے پسندیدہ ترین کرکٹر ہیں۔ گلکرسٹ نے انڈر 15 اور انڈر 17 عمر کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے پر پی سی بی کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو انتہائی قابل تعریف قرار دیا۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم