
اسلام آباد: ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد پولیس علی وسیم نے زیادتی کے جھوٹے مقدمات درج کروانے اور مبینہ طور پر رقم کے عوض ملزمان کے حق میں بیانات دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق انسداد زیادتی ایکٹ کے تحت سامنے آنے والے 7 مقدمات میں جھوٹی درخواستیں دینے والے افراد اور گواہوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کی جائے گی۔ ڈی آئی جی علی وسیم نے واضح کیا کہ ذاتی یا مالی فائدے کے لیے قانون کا غلط استعمال کرنے اور پیسے لے کر ملزمان کو بچانے کی کوشش کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد قانونی نظام کے غلط استعمال کی روک تھام اور نظام انصاف کو شفاف اور موثر بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور اصل متاثرین کو انصاف کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور کسی کو بھی اپنے مفادات کے لیے قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
News Source: Express News