ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا ریکارڈ قائم جو شاید کبھی نہ ٹوٹ سکے

News Image

آسٹریلیا کے چار رکنی بولنگ اٹیک نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ایسا تاریخی اعزاز حاصل کر لیا ہے جو اس سے قبل کسی بھی ٹیم کے بولرز کے حصے میں نہیں آیا۔ پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن نے جنوبی افریقہ کے خلاف کنگزمیڈ میں پہلے ٹیسٹ کے دوران مشترکہ طور پر 600 وکٹوں کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ان چاروں بولرز نے ایک ساتھ 38 ٹیسٹ میچز کھیل کر مجموعی طور پر 602 وکٹیں حاصل کی ہیں، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بولنگ یونٹ کی جانب سے حاصل کردہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ کرکٹ کی 149 سالہ تاریخ میں ایسا ریکارڈ پہلی بار قائم ہوا ہے جس کا ٹوٹنا تقریباً ناممکن دکھائی دیتا ہے، کیونکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کے معین علی، جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور بین اسٹوکس کی جوڑی نے مجموعی طور پر تقریباً 430 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے جیک کیلس، مکھایا این تینی، نکی بوئے اور شان پولاک تھے جنہوں نے مل کر 341 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ آسٹریلوی بولرز کی جانب سے حاصل کردہ 602 وکٹوں میں پیٹ کمنز 158 وکٹوں کے ساتھ سر فہرست ہیں، مچل اسٹارک نے 155، جوش ہیزل ووڈ نے 150 اور نیتھن لائن نے 139 وکٹیں حاصل کیں۔ ان چاروں بولرز کی شاندار کامیابی کا راز ان کے مختلف انداز میں پوشیدہ ہے۔ کمنز کی تیز رفتار، اسٹارک کی بائیں ہاتھ سے سوئنگ، ہیزل ووڈ کی نپی تلی لائن و لینتھ اور لائن کی جادوئی اسپن حریف بلے بازوں کے لیے ہمیشہ مشکلات پیدا کرتی ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم