
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے عندیہ دیا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو 12 ٹیموں تک وسعت دینے کا منصوبہ جلد حقیقت بن سکتا ہے۔ ٹوڈ گرین برگ کے مطابق 2029-31 کے اگلے سائیکل میں ٹیسٹ کھیلنے والے تمام ممالک کو موقع فراہم کرنے کے لیے فارمیٹ میں تبدیلیوں پر غور جاری ہے، جس کے تحت زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان بھی اس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ 2019 میں شروع ہونے والی موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نو ٹیمیں شامل ہیں جو دو سال کے عرصے میں چھ ٹیسٹ سیریز کھیلتی ہیں۔ نئے ماڈل کے تحت محض ایک میچ پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کو بھی چیمپئن شپ کا حصہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا حتمی فیصلہ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں متوقع ہے۔ ٹوڈ گرین برگ نے خبردار کیا کہ طویل مدت میں ٹیسٹ کرکٹ کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ بہت سے ممالک کے لیے ریڈ بال کرکٹ کا ڈھانچہ برقرار رکھنا مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق مستقبل میں کچھ ممالک کو ہوم سیریز کم کر کے زیادہ مقابلے بیرون ملک کھیلنا پڑ سکتے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا مستقبل میں جنوبی افریقا کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا خواہاں ہے، تاہم دونوں ممالک کے مصروف شیڈول کے باعث یہ آسان نہیں ہے۔ آسٹریلیا طویل سیریز کے لیے پاکستان کو بھی ممکنہ حریف سمجھتا ہے۔ دریں اثنا، ون ڈے کرکٹ کو مزید بامقصد بنانے کے لیے آئی سی سی کی سطح پر نئے ٹورنامنٹس اور مختلف فارمیٹس پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
News Source: Express News