
حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور پیٹرول مزید دو روپے 31 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔ حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 72 پیسے مقرر ہو گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد اس کی نئی قیمت 398 روپے 96 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کے تناظر میں قیمتوں پر نظرثانی کی گئی ہے اور یہ نرخ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 9 اکتوبر 2026 کے لیے ہوگا۔
News Source: Express News