
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کا لالچ نہیں کیا اور ہم مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر اپنے بیان میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھ کر اپنی حکومت گنوائی۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کا خون بہتا رہا اور سکیورٹی جوان شہید ہوتے رہے جبکہ بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کے دفاتر کھلوانے کی باتیں کرتے رہے، اس لیے پی ٹی آئی کے پاس خیبر پختونخوا کے سیاسی بحران کا الزام اپنے سوا کسی اور کو دینے کا کوئی جواز نہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عوام کی خدمت کے بجائے پی ٹی آئی نے صوبے کو محاذ آرائی کی سیاست کا یرغمال بنا رکھا ہے اور اب اسے اپنے ہی فیصلوں کے نتائج کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اصولوں کی سیاست اور جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کا لالچ نہیں کیا، اگر شوق ہوتا تو وفاقی وزارتیں لیتیں اور حکومت میں شامل ہو جاتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے تجربہ کار سیاست دان کی جانب سے مایوس کن بیانات سننے کو مل رہے ہیں۔ ان کی جماعت خود دہشت گردی کا شکار رہی ہے، امید ہے وہ دہشت گردی کے خلاف واضح اور غیر مبہم موقف اپنائیں گے اور شہداء و متاثرین کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ شرجیل میمن نے پاک فوج کے جوانوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہماری سلامتی کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں، سیاسی مفادات کو کبھی قومی سلامتی اور شہداء کی قربانیوں پر ترجیح نہیں دینی چاہیے اور ہم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔
News Source: Express News