
زمبابوے کی سابق فاسٹ بولر اور انٹرنیشنل امپائر سارہ ڈمبانیوانا پیر کے روز ہرارے میں 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ زمبابوے کرکٹ کے مطابق وہ مارچ میں ایک طبی عمل سے گزرنے کے بعد سے ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ انہوں نے اپنے سینئر بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2 ستمبر 2023 کو کیا۔ بعد ازاں انہوں نے متحدہ عرب امارات میں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور بھارت و سری لنکا میں ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔ وہ ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے لیے مقرر کردہ میچ آفیشلز کے تاریخ ساز مکمل خواتین پینل کا بھی حصہ تھیں۔ اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقا میں 2023 کے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کے میچ میں امپائرنگ کی تھی اور وہ کسی بھی ورلڈ کپ فائنل میں امپائرنگ کرنے والی زمبابوے کی پہلی خاتون بنی تھیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 63 سینئر انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کی، جن میں خواتین کے 42 ٹی ٹوئنٹی، 11 ون ڈے اور مردوں کے 10 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ اور عالمی یوتھ ٹورنامنٹس میں بھی امپائرنگ کی۔ سارہ ڈمبانیوانا نے 2009 سے 2014 تک زمبابوے کی بطور کھلاڑی بھی نمائندگی کی جس میں 2011 کا ورلڈ کپ کوالیفائر شامل تھا، جبکہ 2022 میں انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے امپائرز ڈیولپمنٹ پینل میں شامل کیا گیا تھا۔
News Source: Express News