مریم نواز کا وژن، پنجاب میں لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز

News Image

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز نے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ہنر سے وابستہ ہے، جبکہ کنٹینر، لانگ مارچ اور دھرنے نوجوانوں کا مستقبل نہیں بن سکتے۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز پنجاب کے بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیمی اور سماجی ضروریات کا خیال اپنے بچوں کی طرح رکھ رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں میں ان کی مقبولیت روز بروز بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی شاندار کارکردگی اور مقبولیت سے خوفزدہ عناصر ہمیشہ ان پر ذاتی حملے کرتے ہیں، اخلاقیات اور اقدار کا درس دینے والے بھی دراصل بغض مریم کا شکار ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے عملی کارکردگی دکھائی ہے جس کی بدولت عالمی سطح پر بھی ان کی پذیرائی ہو رہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں جعلی تبدیلی اور کھوکھلے نعروں کے سیاہ دور کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ صوبے میں ایمرجنسی جیسی صورتحال کی اصل ذمہ دار پی ٹی آئی ہے، جس نے قومی مفاد اور صوبائی امن و امان پر دہشت گردی کو ترجیح دی۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایسے موقع پر سیکیورٹی اداروں کے خلاف زبان درازی فورسز کے حوصلے پست کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم