
پاناما میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث دارالحکومت میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ عمارتوں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے، جبکہ ممکنہ سونامی کے پیش نظر متعدد ممالک کے ساحلی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق زلزلہ پاناما کے جنوبی حصے میں واقع قصبے پیتالوزا اریبا کے قریب آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی۔ ابتدائی طور پر شدت 8 ریکارڈ کی گئی تاہم بعض خبر رساں اداروں نے بعد میں اسے 7.6 رپورٹ کیا۔ امریکی سونامی وارننگ مرکز کے مطابق زلزلہ 9 اکتوبر کو گرینچ وقت کے مطابق شام 5 بج کر 56 منٹ پر آیا۔ امریکی سونامی وارننگ مرکز نے پاناما، کولمبیا، ایکواڈور، نکاراگوا، گوئٹے مالا اور دیگر ساحلی علاقوں کے لیے ممکنہ سونامی کے خطرے سے متعلق پیغامات جاری کیے۔ عالمی آفات سے متعلق انتباہی نظام نے ابتدائی جائزے میں تقریباً ڈیڑھ میٹر تک بلند لہروں کے امکان کی نشاندہی کی، تاہم یہ ابتدائی تخمینہ تھا اور مصدقہ مشاہدہ نہیں ہے۔ زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت پاناما سٹی میں بھی محسوس کیے گئے جہاں عمارتیں لرزنے کے بعد لوگ گھبرا کر باہر نکل آئے۔ مقامی شہریوں نے بتایا کہ گھروں میں سامان گرنے لگا۔ پڑوسی ملک کولمبیا کے بعض علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ پاناما کے شہری تحفظ کے ادارے نے متاثرہ علاقوں میں ممکنہ نقصان کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جانی نقصان کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی تاہم صورت حال کی مکمل تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔
News Source: Express News