
آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ گیس اور بجلی صارفین کے لیے موجودہ سلیب اور کراس سبسڈی کا نظام ختم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کے شعبے میں نیا سبسڈی نظام جنوری 2027 سے لاگو کرنے کی منصوبہ بندی ہے، جبکہ گیس صارفین کے لیے نیا سبسڈی نظام یکم جولائی 2027 سے نافذ کیا جائے گا۔ بجلی اور گیس پر سبسڈی کو صرف حق دار اور کم آمدنی والے طبقے تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن نے عالمی بینک کے تعاون سے مستحق صارفین کے سماجی اور معاشی ڈیٹا کے اندراج پر کام شروع کر دیا ہے۔ مستحق صارفین کی رجسٹریشن نومبر تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جس کے بعد ڈیٹا کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریکارڈ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ اصل حق داروں کی نشان دہی ہو سکے۔ منصوبے کے تحت جنوری 2027 تک بجلی کے نظام میں ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی اور کراس سبسڈی ختم کر دی جائے گی، جبکہ گیس صارفین کو یکم جولائی 2027 سے نئی رجسٹری کے ساتھ جوڑ دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بنیادی ٹیرف میں رد و بدل کے لیے درخواستیں دائر کر دی ہیں تاکہ توانائی کے شعبے پر گردشی قرضوں کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ پاور کمپنیوں کی نجکاری اور اصلاحاتی تیاریوں سے متعلق تمام تفصیلات سے آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
News Source: Express News