
امریکی ریاست ورجینیا کے ایک اسکول میں پہلی جماعت کے طالب علم نے اپنی استانی ایبی زورنر کو کلاس روم کے اندر سینے پر گولی مار دی تھی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ تین سال پرانا ہے تاہم 6 جنوری 2023 کو رچ نیک ایلیمنٹری اسکول میں پیش آنے والے اس واقعے کی پولیس باڈی کیم ویڈیو اب جاری کر دی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں بچہ پولیس اہلکاروں اور ایک استانی کو گالیاں دیتے اور دھمکیاں دیتے ہوئے نظر آتا ہے۔ بچے نے یہ بھی کہا کہ وہ جیل جانے سے بالکل نہیں ڈرتا۔ فائرنگ کے وقت کمرے میں 16 طلبا موجود تھے۔ خوش قسمتی اور استانی کی حاضر دماغی کے باعث کوئی دوسرا طالب علم زخمی نہیں ہوا البتہ استانی کو شدید زخم آئے تھے، جنھیں طبی امداد دی گئی اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں 9 ایم ایم کا ایک پستول بچے سے چند فٹ دور زمین پر پڑا نظر آتا ہے۔ فائرنگ کے بعد ایک استانی بچے کو قابو کرنے کی کوشش کرتی ہے جبکہ بچہ پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دیتا ہے اور نازیبا الفاظ بولتا ہے۔ عدالتی دستاویزات میں بچے کی شناخت جے ٹی کے نام سے ظاہر کی گئی ہے۔ ویڈیو میں ایک استانی پولیس کو بتاتی ہے کہ بچہ واقعے سے پہلے مخصوص اور محدود اوقات کے شیڈول پر اسکول آتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بچے نے پولیس کو بتایا کہ اس نے یہ پستول اپنی والدہ سے چرایا تھا، اور اس نے یہ بھی کہا کہ اسے جیل جانے کی کوئی پروا نہیں۔
News Source: Express News