
اٹلی کے دارالحکومت روم میں اٹالیہ ٹی ٹین لیگ کا میلہ 18 سے 29 نومبر تک سجے گا، 6 ٹیموں کی لیگ میں پاکستان سے بھی 2 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تحت روم گلیڈی ایٹرز لیگ میں شریک ہوگی جبکہ میاں چنوں کے میاں آصف ندیم نے بریشیا لائنز ٹیم خرید لی ہے۔ فرنچائزز کے مالکانہ حقوق کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط کی الگ الگ تقاریب منعقد ہوئیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر نے فرنچائز کی جانب سے دستخط کیے۔ اٹالیہ ٹی 10 لیگ میں مقامی کھلاڑیوں کے علاوہ ہر ٹیم میں 4 بین الاقوامی کرکٹرز بھی شامل ہوں گے۔ دوسری جانب گلیڈی ایٹرز انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر اپنے جوہر دکھانے اور آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
News Source: Express News