
کاونٹر پوائنٹ ریسرچ کے مطابق سام سنگ نے حالیہ سہ ماہیوں میں اسمارٹ فونز کی ترسیل کے شاندار اعداد و شمار پیش کیے ہیں اور 2026 کی دوسری سہ ماہی میں عالمی مارکیٹ میں دوبارہ پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی ہے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق فروخت میں اس نمایاں اضافے کے باوجود کمپنی کو متوقع منافع حاصل نہیں ہو پا رہا۔ ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریم اور اسٹوریج کی قیمتوں میں تیز رفتار اضافے کے باعث فونز کی تیاری پر لاگت بڑھ گئی ہے، جس کی وجہ سے سام سنگ کے اسمارٹ فون بزنس کو منافع کمانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پیداوار میں بڑی کمی کا امکان منی ٹوڈے نے صنعتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سام سنگ نے اپنے سپلائرز کو 2026 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران اسمارٹ فون کی پیداوار میں 20 سے 30 فیصد تک کمی کی تیاری کرنے کا کہہ دیا ہے۔ اس ممکنہ کمی سے قبل توقع کی جا رہی تھی کہ سام سنگ اس سال تقریباً 27 کروڑ اسمارٹ فونز تیار کرے گا۔ اب یہ تعداد کم ہو کر تقریباً 20 کروڑ یونٹس تک گر سکتی ہے۔ سب سے بڑا مسئلہ میموری چپس کی قیمتوں میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے اس سال 12 جی بی ایل پی ڈی ڈی آر 5 ایکس میموری چپ کے لیے تقریباً 145 ڈالر ادا کیے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 175 فیصد زیادہ لاگت ہے۔ فونز کی قیمتوں میں اضافے سے بھی فائدہ نہ ہوا سام سنگ نے بڑھتی ہوئی لاگت کے جواب میں اسمارٹ فونز کی قیمتیں پہلے ہی بڑھا دی تھیں۔ گلیکسی ایس 26 سیریز اور گلیکسی زیڈ 8 فولڈ ایبل فونز زیادہ قیمتوں پر لانچ کیے گئے، جبکہ کچھ حالیہ فلیگ شپ ماڈلز کی قیمتوں میں 100 ڈالر تک کا اضافہ کیا گیا۔ پرانے فلیگ شپ ماڈلز اور درمیانی قیمت والے فونز بھی مزید مہنگے ہو گئے۔ ان تمام تر اضافوں کے باوجود سام سنگ کا موبائل ڈویژن منافع کمانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ اگر میموری چپس کی قیمتیں اسی طرح بڑھتی رہیں تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ڈی ریم کی قیمتوں میں مزید 20 فیصد اضافے کا امکان ہے، جس سے بعض پرزوں کی لاگت 180 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ سام سنگ موبائل کا پہلا سہ ماہی خسارہ اطلاعات کے مطابق سام سنگ کے موبائل ڈویژن کو 2026 کی دوسری سہ ماہی میں تاریخ میں پہلی بار سہ ماہی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ کمپنی کے ڈیوائس ایکسپیرینس ڈویژن کو تقریباً 54 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا، جس میں سے صرف موبائل بزنس کا خسارہ تقریباً 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا۔ موجودہ مارکیٹ حالات تیسری اور چوتھی سہ ماہی کے دوران اس ڈویژن پر مزید دباو ڈال سکتے ہیں۔ سیمی کنڈکٹر بزنس کا ریکارڈ منافع دوسری جانب سام سنگ کے سیمی کنڈکٹر سیکٹر کی صورتحال بالکل برعکس ہے۔ کمپنی کے ڈیوائس سلوشنز ڈویژن، جس میں میموری چپس اور سیمی کنڈکٹرز شامل ہیں، نے میموری چپس کی آسمان کو چھوتی قیمتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔ اس ڈویژن نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 53.7 کھرب کوریائی وون کا آپریٹنگ منافع کمایا۔ یہ منافع دوسری سہ ماہی میں بڑھ کر 89.2 کھرب وون ہو گیا، جبکہ اندازوں کے مطابق تیسری سہ ماہی میں یہ 100 کھرب وون سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔ اس صورتحال نے سام سنگ کے لیے ایک عجیب منظرنامہ پیدا کر دیا ہے، جہاں میموری چپس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ایک طرف اسمارٹ فون بزنس کو نقصان پہنچا رہی ہیں، تو دوسری طرف کمپنی کے سیمی کنڈکٹر ڈویژن کے لیے ریکارڈ منافع کا سبب بن رہی ہیں۔
News Source: Express News