
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے زمبابوے میں زیر تعمیر وکٹوریا فالز اسٹیڈیم تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ آئی سی سی کی معائنہ کار ٹیم نے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ورلڈ کپ 2027 کی ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سارہ ایڈگر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ زمبابوے کے تینوں میزبان مقامات کا جائزہ لیا۔ نئے اسٹیڈیم میں فنشنگ کا کام جاری ہے، جہاں جلد آزمائشی میچ بھی کرایا جائے گا۔ اس میدان پر ورلڈ کپ کے چار میچ کھیلے جائیں گے۔ زمبابوے کرکٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر گیویمور ماکونی کے مطابق اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت مکمل ہو چکی ہے اور اب فنشنگ کے کام پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اسٹیڈیم کی تعمیر 2027 کے وسط تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے بعد وہاں ایک بین الاقوامی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ دوسری جانب ہرارے اور بلاوایو کے موجودہ میدانوں اور اسٹیڈیمز کو بھی ورلڈ کپ کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ زمبابوے جنوبی افریقہ اور نمیبیا کے ساتھ مل کر 2027 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
News Source: Express News