
راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں 2015 سے مطلوب اشتہاری ملزم سمیت ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو گینگز کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تین مسروقہ موٹر سائیکلیں اور نقدی برآمد کی، جبکہ دیگر کارروائیوں میں شراب اور اسلحہ رکھنے پر مزید پانچ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چکلالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے معمولی تلخ کلامی پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کر دیا تھا۔ پولیس نے ٹیکنیکل اور انسانی ذرائع کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ اس مقدمے میں ملزم کے دو ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔ ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی کے مطابق گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث دو گینگز کے پانچ ارکان کو حراست میں لے لیا۔ پیرودھائی پولیس نے تین رکنی گینگ کو گرفتار کر کے دو مسروقہ موٹر سائیکلیں اور رقم برآمد کی، جبکہ صادق آباد پولیس نے دو رکنی گینگ کے ارکان کو گرفتار کر کے ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کی۔ ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں تھانہ مورگاہ اور نیو ٹاون پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 35 لیٹر شراب اور اسلحہ مع ایمونیشن برآمد ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ اور منشیات رکھنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
News Source: Express News