پیٹرول سبسڈی اسکیم؛ وزیراعظم کا وفاقی وزیر شزا فاطمہ کیلئے تمغے کا اعلان

News Image

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بہتر انتظامات کرنے پر اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ کو تمغہ اور دیگر ارکان کو شیلڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد پوری ٹیم کی محنت پر قوم کے سامنے خراج تحسین پیش کرنا ہے کہ کس طرح وفاق نے صوبوں کے ساتھ مل کر پوری یکسوئی سے اس اہم اور پرخطر اقدام پر کام کیا۔ اجلاس کے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی کاوشیں رنگ لائی ہیں اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کر ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا ہے، جس کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ فروری میں اس نوعیت کی اسکیم شروع کی گئی تھی جس میں صوبوں نے انتظامی اور مالی تعاون فراہم کیا تھا اور اس وقت 13 لاکھ ٹوکن جاری ہوئے تھے۔ اس مرتبہ بھی خدشہ تھا کہ کہیں عمل درآمد تعطل کا شکار نہ ہو جائے لیکن اللہ کے فضل سے کامیابی حاصل ہوئی۔ شہباز شریف نے بتایا کہ وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں اس سہولت سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 1 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ موٹر سائیکل، چنگ چی یا 800 سی سی گاڑی رکھنے والے 1 کروڑ افراد نے پیٹرول پمپ پر 2 ہزار روپے ماہانہ کا فائدہ اٹھایا ہے، جبکہ بالواسطہ اور بلاواسطہ اندازے کے مطابق 5 کروڑ افراد مستفید ہوئے ہیں۔ انہوں نے نائب وزیراعظم، وزیر خزانہ، وفاقی وزیر شزا فاطمہ، ان کے سیکریٹری اور ٹیم کے علاوہ احسن اقبال، احد چیمہ، عطا اللہ تارڑ، بلال کیانی، مشرف رسول اور آئی ٹی شعبے کے دیگر تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ صوبوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کے بھرپور تعاون سے ہی یہ ممکن ہوا اور وفاق و صوبوں نے مل کر بہترین کام کیا۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ شزا فاطمہ کے لیے 23 مارچ کو تمغے کا اعلان کر رہے ہیں جبکہ دیگر معاونین کو تعریفی شیلڈز دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 1 کروڑ 1 لاکھ 98 ہزار ریڈیم واوچرز استعمال ہو چکے ہیں اور 1 کروڑ 8 لاکھ 80 ہزار سے زائد شہریوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ مجموعی طور پر 2 کروڑ 17 لاکھ ٹوکن جاری ہوئے جن میں سے 1 کروڑ 94 لاکھ ٹوکنز پر عوام نے رعایتی پیٹرول حاصل کیا اور یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 92 لاکھ 70 ہزار افراد نے دوبارہ ٹوکن حاصل کیے جبکہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں تقریباً 96 فیصد موٹر سائیکل سوار شامل ہیں۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم