
ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد مستقل آمدن کو یقینی بنانے کی خاطر نئے ذرائع متعارف کروا دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد مسلسل مالی معاونت کے پیش نظر نئی اینیوٹی مصنوعات کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ کمیشن کے مطابق لائف کنٹنجنٹ، ڈیفرڈ اور گارنٹیڈ پیمنٹ اینیوٹیز جیسی مصنوعات متعارف کروائی گئی ہیں جن کا بنیادی مقصد ریٹائرمنٹ کے بعد افراد کو مالی استحکام فراہم کرنا ہے۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ اینیوٹی اسکیمیں تا عمر آمدن اور یقینی ادائیگیاں فراہم کرتی ہیں، جس سے ریٹائرڈ ملازمین اپنی جمع شدہ بچت کو مستقل ماہانہ آمدن میں تبدیل کر سکیں گے۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ یہ نئی مصنوعات بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اوسط عمر میں اضافے کی وجہ سے پیدا ہونے والی مالی مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ ایس ای سی پی کے مطابق یہ اینیوٹی مصنوعات روایتی انشورنس کے ساتھ ساتھ تکافل نظام کے تحت بھی دستیاب ہوں گی، جس کا مقصد ملکی ریٹائرمنٹ کے نظام کو مضبوط اور معیاری بنانا ہے۔
News Source: Express News