
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے نئے آئی فون ڈوو کی فروخت کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے اور ڈویلپرز کو اپنی ایپس اور گیمز نئے ڈیوائس کے لیے بہتر بنانے کی دعوت دی ہے۔ فولڈ ایبل آئی فون کی پری آرڈر بکنگ 16 اکتوبر سے شروع ہوگی جبکہ صارفین کو ڈیوائس کی ڈیلیوری 23 اکتوبر سے شروع کی جائے گی۔ لانچ سے قبل ایپل نے ڈویلپرز کے لیے ایپس کو ڈیوائس کے مطابق بنانے کے حوالے سے نئی گائیڈ لائنز اور تجاویز بھی جاری کی ہیں۔ ایپل کے مطابق ڈویلپرز کو اپنی ایپس ایکس کوڈ 27.1 کے ذریعے تیار یا دوبارہ کمپائل کرنا ہوں گی۔ یہ ورژن پہلے ہی دستیاب ہے۔ جو ایپس ایکس کوڈ 27.1 کے ساتھ بنائی یا ری کمپائل کی جائیں گی انہیں ایپ اسٹور پر ایک خصوصی بیج کے ذریعے نمایاں کیا جائے گا، جس سے صارفین کو معلوم ہوگا کہ ایپ آئی فون ڈوو کے لیے آپٹمائزڈ ہے۔ ڈویلپرز اب اپنی ایپس اور گیمز ایپ اسٹور کنیکٹ کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایپل نے ایک نئی شرط بھی متعارف کرائی ہے جس کے تحت اپریل 2027 سے ہر نئی ایپ کے لیے آئی فون ڈوو پر ایپ کا کم از کم ایک اسکرین شاٹ فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
News Source: Express News