ڈیجیٹل ترقی، سندھ حکومت کا چین میں سرمایہ کاری کانفرنس کرانے کا اعلان

News Image

سندھ حکومت نے صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے چین میں سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ صوبے میں معاشی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سندھ حکومت 15 اکتوبر کو چین کے شہر شنگھائی میں سندھ انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس کا انعقاد کرے گی، جس میں چینی سرمایہ کار اور کاروباری رہنما بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اس اہم کانفرنس سے خطاب کریں گے اور چینی سرمایہ کاروں کو صوبے میں موجود منافع بخش مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں سرمایہ لگانے کی دعوت دیں گے۔ اس کانفرنس کے دوران توانائی، مینوفیکچرنگ، الیکٹرک گاڑیوں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیر اعلی سندھ چینی کمپنیوں کو زراعت، خوراک کی تیاری، لاجسٹکس اور گوداموں کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کریں گے اور صوبے میں چینی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع اجاگر کریں گے۔ سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام تر کاروباری سہولتیں فراہم کرنے اور صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ معاشی تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔ شنگھائی کانفرنس سے سندھ اور چین کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات کا نیا باب کھلنے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم