
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کی نیلامی سے قبل ممبئی انڈینز نے اپنے ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز اور سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے نے 2027 کی نیلامی سے پہلے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔ سری لنکا کے سابق کپتان گزشتہ دو سیزنز سے ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ فرنچائز کے ساتھ یہ ان کا دوسرا دور تھا، اس سے قبل وہ 2017 سے 2022 تک بھی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ممبئی انڈینز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مہیلا جے وردھنے نے فرنچائز کے ساتھ اپنے طویل تعلق کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممبئی انڈینز گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے ان کے کرکٹ کے سفر کا اہم حصہ رہی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، مداحوں اور ٹیم انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران کئی ناقابل فراموش لمحات سامنے آئے اور مشترکہ کامیابیوں پر انہیں فخر ہے۔ جے وردھنے نے نیتا امبانی اور آکاش امبانی کے اعتماد، تعاون اور دوستی پر ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی کا معاملہ اگست میں 2026 کے سیزن کے جائزے کے دوران سامنے آیا تھا۔ اس موقع پر ٹیم کے اہم کھلاڑیوں اور فرنچائز انتظامیہ نے اتفاق کیا کہ کوچنگ کے شعبے میں تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔ رپورٹ کے مطابق جے وردھنے خود بھی نئے اور نوجوان کوچز کو شامل کرنے کے حق میں تھے تاکہ ٹیم کو تازہ خیالات اور نئے نقطہ نظر سے فائدہ پہنچ سکے۔ تاہم، ممبئی انڈینز کی جانب سے تاحال نئے ہیڈ کوچ کے نام کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
News Source: Express News