
مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی باپ بیٹے پر حملے اور گاڑی چھیننے کے شبہے میں 15 سالہ اسرائیلی آبادکار کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ واقعہ رام اللہ کے قریب واقع گاوں یبرود کے نزدیک پیش آیا تھا، جس کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی۔ ویڈیو میں دو کاروں میں سوار کم از کم 6 یہودی آبادکاروں کو ایک اور کار کو گھیرے میں لیتے اور پھر اس پر ڈنڈوں سے حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گاڑی سے نکل کر ایک شخص اور ایک نوجوان اپنی جان بچانے کے لیے بھاگتے نظر آئے۔ اطلاعات کے مطابق متاثرین فلسطینی باپ بیٹا تھے جو حملے کے دوران گاڑی سے نکل کر بھاگتے دکھائی دیے۔ یہودی آبادکاروں نے ان پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے وار کیے اور پھر ان کی گاڑی پر قبضہ بھی کر لیا۔ اسرائیلی پولیس نے واقعے کو قوم پرستانہ محرکات پر مبنی حملہ اور گاڑی چوری کرنے کا معاملہ قرار دیا ہے۔ پولیس نے حملے میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی جبکہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرنے کا بھی دعوی کیا۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی پولیس کے سربراہ موشے پنچی نے کہا کہ پولیس علاقے کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے انتہا پسند عناصر کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ واضح رہے کہ غزہ جنگ کے بعد سے مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوجیوں کے حملے اور ان کی سرپرستی میں یہودی آبادکاروں کے فلسطینی شہریوں پر حملے کے واقعات میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے جس پر اقوام متحدہ اور یہاں تک کہ امریکی حکومت نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
News Source: Express News