امریکی امن منصوبے کا جواب چند روز میں دیں گے، ایران

News Image

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے جنگ کے خاتمے سے متعلق پیشکش کا جواب آئندہ چند روز میں دیا جائے گا۔ ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا کہ امریکا کے سامنے اپنا 7 روزہ منصوبہ پیش کیا تھا جس پر جواب موصول ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس وقت امریکی تجاویز اور موقف کا جائزہ لے رہا ہے اور ان کے خیال میں آئندہ چند روز میں اپنا جواب پیش کر دیا جائے گا۔ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کے بجائے ثالثوں کے ذریعے رابطے جاری ہیں اور دونوں فریقین کے درمیان پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ ماہ اپنے 7 روزہ منصوبے میں جنگ بندی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور اس کے بعد وسیع تر مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دی تھی۔ ایران کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے بعض شرائط پوری ہونے کے بعد آبنائے ہرمز کو معمول کی بحری آمد و رفت کے لیے کھولا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ قطر اور پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان امن نکات پر پیغام رسانی کا دعوی کیا جاتا رہا ہے، تاہم پہلی بار ایرانی وزیر خارجہ نے اس کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم