
بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ وہ فلموں میں کام کرنے کے خواہاں نہیں تھے، تاہم ان کی والدہ کی ایک خواہش نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ شاہ رخ خان کا 1991 میں دیا گیا ایک پرانا انٹرویو دوبارہ سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کے آغاز کے حوالے سے بات کی تھی۔ اداکار نے بتایا کہ وہ فلمی دنیا سے متاثر نہیں تھے، لیکن والدہ لطیف فاطمہ خان کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ بدل لیا۔ شاہ رخ کے مطابق ان کی والدہ ہمیشہ انہیں بڑی اسکرین پر دیکھنا چاہتی تھیں، اسی لیے انہوں نے فلموں میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اداکار نے کہا تھا کہ انہیں لگتا تھا فلموں میں آنے کے لیے بہت دیر ہو چکی ہے، لیکن وہ اپنی والدہ کی خواہش پوری کرنا چاہتے تھے۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے 1992 میں فلم دیوانہ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔
News Source: Express News