
سری لنکن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کوشال مینڈس نے کہا ہے کہ بابر اعظم ہر فارمیٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن ٹی ٹوئنٹی کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ان کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کھیل پیش کیا ہے اور بطور کپتان انہیں اپنے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے۔ کوشال مینڈس نے کہا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن مختلف طرز کے کوچ ہیں اور کھلاڑیوں کی مینجمنٹ کرنا خوب جانتے ہیں۔ وہ سری لنکن کرکٹ کے کلچر سے بھی بخوبی واقف ہیں اور ٹیم کو ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور ابتدائی طور پر تین فاسٹ باولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی حکمت عملی بنائی گئی ہے۔ سری لنکا کا باولنگ اسکواڈ مضبوط اور تجربہ کار ہے۔ کوشال مینڈس نے پاکستان کے فاسٹ باولرز کو باصلاحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بولنگ اٹیک کا سامنا کرنا ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے۔ بابر اعظم کے حوالے سے سری لنکن کپتان نے کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ ان کے ساتھ پی ایس ایل بھی کھیل چکے ہیں۔ بابر اعظم ہر فارمیٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں، اس لیے ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر وہ مایوس ہو سکتے ہیں۔
News Source: Express News