تھائی لینڈ کی ملکہ نے تنہا جنگی طیارہ اڑا کر تاریخ رقم کر دی

News Image

تھائی لینڈ کی 48 سالہ ملکہ سوتھیدا نے پہلی بار اکیلے جنگی طیارہ اڑا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی شاہی محل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ نے جنوبی صوبے سورات تھانی کے فوجی فضائی اڈے سے سویڈن کے تیار کردہ جے اے ایس 39 سی گریپن لڑاکا طیارے کو تنہا اڑایا۔ یہ ایک نشست والا طیارہ ماڈل تھا جس میں پرواز کے دوران کوئی دوسرا پائلٹ یا مسافر سوار نہیں تھا۔ ملک کے بادشاہ اور ملکہ کے شوہر، جو خود بھی پائلٹ ہیں، یہ منظر دیکھنے کے لیے خود موجود تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تاریخی پرواز سے قبل ملکہ نے کئی ہفتوں تک مصنوعی نظام پر تربیت حاصل کی اور دو نشستوں والے گریپن طیارے میں تقریباً 10 گھنٹے مشق کی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ تھائی لینڈ کی پہلی خاتون گریپن پائلٹ بن گئیں۔ ملکہ سوتھیدا ماضی میں تھائی ایئرویز میں فضائی میزبان کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں۔ انھوں نے 2010 میں پرواز کی تربیت شروع کی تھی اور اب تک ان کے پاس 1,190 گھنٹوں سے زائد پرواز کا تجربہ ہے۔ وہ ایئر لائن ٹرانسپورٹ پائلٹ کا لائسنس بھی رکھتی ہیں اور شاہی بوئنگ طیاروں میں بھی معاون پائلٹ کی خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔ سال 2025 میں بھوٹان کے سرکاری دورے کے دوران بھی انھوں نے شاہی طیارے میں معاون پائلٹ کے طور پر فرائض انجام دیے، جس میں بھوٹان کے دشوار گزار پارو ہوائی اڈے پر لینڈنگ بھی شامل تھی۔ پرواز مکمل ہونے کے بعد بادشاہ نے ملکہ کو گلدستہ پیش کیا اور ان کے بائیں بازو پر گریپن آرڈر کا سنہری نشان لگایا۔ ملکہ سوتھیدا نے 2019 میں بادشاہ سے شادی کی تھی جو ان کی تاج پوشی سے چند روز قبل انجام پائی تھی۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم