
پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے کہا ہے کہ آل راونڈر شاداب خان اپنی شاندار کارکردگی کے بل بوتے پر قومی ٹیم میں واپس آئے ہیں، جبکہ مڈل آرڈر کے مسائل بھی کافی حد تک حل ہو چکے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی شاندار کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاذ صداقت نے اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کی پہلی نصف سنچری تھی اور وہ آنے والے میچوں میں بھی اسی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھیلتے ہیں اور پاور پلے کے اوورز سے بھرپور فائدہ اٹھانا ان کی حکمت عملی کا لازمی حصہ ہے۔ ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے وہ خود کو زیادہ پُراعتماد محسوس کرتے ہیں اور اپنی فطری صلاحیتوں کے مطابق کھل کر کھیلنا پسند کرتے ہیں۔ شاداب خان کی ٹیم میں شمولیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاداب نے کیریبین پریمیئر لیگ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے، اس لیے ان کا انتخاب خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہوا ہے۔ مڈل آرڈر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حسن نواز مڈل آرڈر میں زبردست کھیل پیش کر رہے ہیں جبکہ عبدالصمد بھی بہترین فارم میں ہیں۔ اس لیے بیٹنگ کو درپیش مشکلات اب کافی حد تک دور ہو گئی ہیں جس سے بیٹنگ لائن مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔ واضح رہے کہ معاذ صداقت نے 29 گیندوں پر 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
News Source: Express News