
بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی معروف کاروباری شخصیت نیتا امبانی کے ہمراہ روایتی گجراتی رقص گربا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ممبئی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں اداکار نے نیتا امبانی اور دیگر مہمانوں کے ساتھ دلکش انداز میں رقص کیا۔ یہ شاندار تقریب سودیش ایروز کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی۔ دیوی شکتی کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں نوراتری کے تہوار سے قبل روایتی فنون، دستکاری اور ہینڈلوم ورثے کو نمایاں کیا گیا۔ اس تقریب میں رنویر سنگھ نے گلابی رنگ کا کرتا، پھولدار کڑھائی والی جیکٹ، سفید پتلون، عینک اور ہیرے کے اسٹڈز زیب تن کیے۔ دوسری جانب نیتا امبانی گہرے گلابی رنگ کی بنارسی سلک ساڑھی میں جلوہ گر ہوئیں، جس پر سنہری کڑھائی کی گئی تھی۔ تقریب میں ان کی بیٹی ایشا امبانی بھی شریک تھیں۔ اس تقریب میں شوبز، فیشن اور کاروباری دنیا سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی، جن میں عامر خان، کریتی سینن، رشمیکا مندانا، سارہ علی خان، ادیتی راو حیدری، جیکولین فرنینڈس، سنجے دت اور فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا شامل تھے۔ سودیش دراصل ریلائنس فاونڈیشن کا ایک منصوبہ ہے جس کا مقصد روایتی فنون اور دستکاری کے ورثے کو فروغ دینا ہے۔ اس تقریب میں روایتی ملبوسات، رقص اور موسیقی کو خوب اجاگر کیا گیا۔ رنویر سنگھ کی یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اداکار اور ان کی اہلیہ دپیکا پڈوکون کے ہاں 19 ستمبر 2026 کو دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ اس جوڑے کی پہلی بیٹی دعا ستمبر 2024 میں پیدا ہوئی تھی۔ تقریب میں رنویر سنگھ کے پرجوش انداز میں گربا رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
News Source: Express News