
امریکا کی خلائی تحقیقاتی کمپنی اسپیس ایکس کے کارگو مشن سی آر ایس 35 کی 13 اکتوبر کی صبح روانگی کے دوران آسمان پر ایک دلکش منظر دیکھنے میں آیا، جب راکٹ سے خارج ہونے والے دھوئیں کے بادل سورج کی روشنی میں چمک اٹھے اور ان کی شکل ایک دیوہیکل جیلی فش جیسی دکھائی دینے لگی۔ اسپیس ایکس کے اس مشن کے آغاز کے دوران راکٹ سے نکلنے والے دھوئیں سے بننے والے بادلوں پر جب سورج کی کرنیں پڑیں تو وہ روشن ہو گئے، جس کے نتیجے میں فضا میں ایک منفرد اور خوبصورت منظر بن گیا۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کا نظارہ اس وقت بھی دیکھا جا سکتا ہے جب کوئی راکٹ سورج کے غروب ہونے کے وقت خلا میں بھیجا جائے۔ اس وقت زمین پر اندھیرا چھانے لگتا ہے لیکن بلندی پر موجود راکٹ کے دھوئیں کے بادلوں پر سورج کی روشنی پڑتی رہتی ہے، جس کی وجہ سے وہ چمکتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ قدرتی روشنی اور راکٹ سے خارج ہونے والے دھوئیں کا یہ ملاپ آسمان پر جیلی فش جیسی دلکش شکل بنا دیتا ہے، جو دیکھنے والوں کے لیے ایک حیرت انگیز تجربہ بن جاتا ہے۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی اس دلکش منظر کی خوبصورت تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر شیئر کیں، جن میں راکٹ کے دھوئیں سے بننے والے چمکدار بادلوں کی جیلی فش جیسی منفرد بناوٹ واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
News Source: Express News