
پاکستانی فری لانسرز نے ستمبر 2026 میں برآمدی ترسیلات کی مد میں ریکارڈ 197 ملین ڈالر کمائے، جو ملکی تاریخ میں کسی بھی ایک مہینے کی سب سے زیادہ رقم ہے۔ اس آمدن کے ساتھ مالی سال 27-2026 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران فری لانسرز کی مجموعی کمائی تقریباً 550 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ مشیر برائے وزیر خزانہ خرم شہزاد کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر کی کمائی اگست کے مقابلے میں 11 فیصد اور ستمبر 2025 کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ رہی۔ پہلی سہ ماہی کی مجموعی آمدن گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 46 فیصد بڑھی۔ خرم شہزاد نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی فری لانس معیشت ملک کے نوجوان ڈیجیٹل ٹیلنٹ کو برآمدات اور بغیر قرض کے غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کے ذریعے میں بدل رہی ہے۔ جولائی سے مسلسل اضافہ یہ نیا ریکارڈ مالی سال کے شاندار آغاز کو ظاہر کرتا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق، فری لانسرز نے جولائی میں 175.44 ملین ڈالر اور جولائی و اگست میں مجموعی طور پر 352 ملین ڈالر کمائے تھے۔ مالی سال 26-2025 میں پاکستانی فری لانسرز نے مجموعی طور پر 1.76 ارب ڈالر کمائے تھے۔ فری لانسنگ سے حاصل ہونے والی رقم پاکستان کی آئی ٹی اور خدمات کی برآمدات کا ایک نمایاں حصہ بن چکی ہے۔ ستمبر میں آئی ٹی برآمدات بڑھ کر 435 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو تاریخ میں دوسری بلند ترین ماہانہ سطح ہے۔ پاکستانیوں کا فری لانسنگ کی جانب بڑھتا ہوا رجحان پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ابراہیم امین نے کہا کہ یہ مسلسل اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی ڈیجیٹل ورکرز عالمی فری لانسنگ مارکیٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر ملازمتوں کے محدود مواقع کے باعث بہت سے آئی ٹی گریجویٹس اور ماہرین فری لانسنگ کا رخ کر رہے ہیں۔ اس سے وہ ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ قیمتی زرمبادلہ بھی کما رہے ہیں۔ بین الاقوامی کلائنٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی فری لانسرز کو اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت میں مدد دے رہی ہے، جبکہ یہ ملک کی بڑھتی ہوئی افرادی قوت کے لیے متبادل روزگار بھی فراہم کر رہی ہے۔ چیئرمین نے مزید کہا کہ تربیت، صلاحیتوں کے نکھار اور فری لانسرز کی مدد میں زیادہ سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر سکتا ہے اور آنے والے برسوں میں زرمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتا ہے۔
News Source: Express News