
پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو قومی ٹیم کے کیمپ سے ناراض ہو کر جانے پر پابندی کا سامنا ہے۔ کوچ جارج جیسز کے ساتھ کھیلنے کے وقت پر اختلافات کے بعد رونالڈو نے ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا تھا جس پر پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے ضوابط کے تحت ان کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق پابندی کی مدت 1 سے 6 ماہ تک ہو سکتی ہے جس کا حتمی فیصلہ ڈسپلنری کونسل کرے گی۔ اگر پابندی 1 ماہ سے زیادہ ہوئی تو رونالڈو اگلے ماہ ڈنمارک اور ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے میچز سے محروم ہو سکتے ہیں۔ تاہم ای ایس پی این کی رپورٹ کے مطابق مختصر پابندی کا امکان زیادہ ہے۔ رونالڈو نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگالی عوام سے معذرت کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ کیمپ چھوڑنا ان کی غلطی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوچ کے وعدے سے انحراف نے انہیں مایوس کیا تاہم وہ مانتے ہیں کہ ان کے عمل کے نتائج سامنے آنے چاہئیں اور قوانین سب کے لیے یکساں ہونے چاہئیں۔ کوچ جارج جیسز نے کہا کہ انہوں نے رونالڈو کا بیان پڑھ لیا ہے اور اب ان کی توجہ ٹیم کے امور پر ہے۔ رونالڈو پرتگال کی جانب سے اب تک 234 میچز کھیل کر ریکارڈ 146 گول کر چکے ہیں۔
News Source: Express News