
سال 2026 کی تیسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں پرسنل کمپیوٹرز (پی سی) کی ترسیلات میں تیزی سے کمی دیکھی گئی، جس سے انڈسٹری میں مسلسل دوسری سہ ماہی بھی مندی کا شکار رہی۔ آئی ڈی سی کی رپورٹ کے مطابق، جولائی سے ستمبر کے درمیان عالمی سطح پر کمپیوٹرز کی ترسیلات سالانہ بنیادوں پر 20.1 فیصد گر کر 62.7 ملین یونٹس رہ گئیں۔ یہ کمی دوسری سہ ماہی میں ہونے والی 3.8 فیصد کمی کے مقابلے میں کہیں زیادہ شدید تھی۔ اس کے علاوہ پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں ترسیلات میں 9.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اضافی انوینٹری ترسیلات کو متاثر کر رہی ہے آئی ڈی سی کے مطابق، ترسیلات کے اعداد و شمار براہ راست صارفین کی خریداری کو ظاہر نہیں کرتے۔ ریٹیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز نے متوقع قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر سال کی پہلی ششماہی میں ہی بڑا اسٹاک جمع کر لیا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ تیسری سہ ماہی میں نئے آرڈرز کی ضرورت کم پڑی کیونکہ ادارے پہلے سے موجود اسٹاک فروخت کرنے پر توجہ دے رہے تھے۔ آئی ڈی سی کے ریسرچ ڈائریکٹر جتیش ا برانی نے کہا کہ ریٹیلرز زیادہ انوینٹری سنبھالنے پر پریشان ہیں جبکہ زیادہ قیمتیں طلب کو مسلسل کم کر رہی ہیں۔ آئی ڈی سی کا ماننا ہے کہ پوری انڈسٹری میں قیمتیں بلند رہیں گی، جبکہ خراب ہوتے معاشی حالات آئندہ چند سہ ماہیوں پر مزید دباو ڈال سکتے ہیں۔ لینووو بدستور سرفہرست کمپنی تیسری سہ ماہی کے دوران لینووو 14.9 ملین یونٹس بھیج کر اور مارکیٹ کے 23.8 فیصد حصے پر قبضہ جما کر دنیا کی سب سے بڑی پی سی کمپنی برقرار رہی۔ ایچ پی 10.3 ملین ترسیلات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جس کے بعد ڈیل 7.6 ملین کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئی۔ ایپل نے 5.9 ملین یونٹس جبکہ اسوس نے 5.5 ملین یونٹس بھیجے۔ کمپنی، تیسری سہ ماہی 2026 کی ترسیلات، مارکیٹ شیئر، سالانہ گروتھ: لینووو: 14.9 ملین یونٹس، 23.8 فیصد، منفی 22.6 فیصد ایچ پی: 10.3 ملین یونٹس، 16.5 فیصد، منفی 30.9 فیصد ڈیل: 7.6 ملین یونٹس، 12.1 فیصد، منفی 25.0 فیصد ایپل: 5.9 ملین یونٹس، 9.5 فیصد، منفی 11.3 فیصد اسوس: 5.5 ملین یونٹس، 8.7 فیصد، منفی 8.6 فیصد دیگر کمپنیاں: 18.4 ملین یونٹس، 29.4 فیصد، منفی 14.0 فیصد کل ترسیلات: 62.7 ملین یونٹس، 100 فیصد، منفی 20.1 فیصد ایچ پی کو سب سے بڑا نقصان پانچ بڑی کمپنیوں میں ایچ پی کو سالانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ نقصان ہوا، جس کی ترسیلات 30.9 فیصد گر گئیں۔ اس کے بعد ڈیل کی ترسیلات میں 25 فیصد جبکہ لینووو کی ترسیلات میں 22.6 فیصد کی کمی ہوئی۔ اسوس نے ٹاپ پانچ کمپنیوں میں سب سے بہتر کارکردگی دکھائی حالانکہ اس کی ترسیلات بھی 8.6 فیصد گریں، جبکہ ایپل کی ترسیلات میں 11.3 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پی سی مارکیٹ کو سخت صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ مینوفیکچررز، ریٹیلرز اور صارفین سب ہی مہنگائی، اضافی اسٹاک اور کمزور طلب سے نبرد آزما ہیں۔
News Source: Express News