
اماراتی کرکٹ فرنچائز ڈیزرٹ وائپرز کے سی ای او فل اولیور نے بتایا ہے کہ ٹیم نے پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو انٹرنیشنل لیگ ٹی20 کے لیے کیوں منتخب کیا۔ ڈیزرٹ وائپرز کے سی ای او کے مطابق بابر اعظم ٹی20 کرکٹ میں ایک غیر معمولی مقام رکھتے ہیں۔ وہ ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر اور پاکستان سپر لیگ کے بھی ٹاپ اسکورر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی سے قبل ٹیم کو اسکواڈ میں توازن کی ضرورت تھی اور بابر اعظم ان کی ترجیحات میں شامل تھے۔ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں بیٹنگ کے لیے مختلف مہارتوں کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ بابر اعظم کو ٹاپ آرڈر میں شامل کرنے سے ٹیم کو مضبوط امتزاج ملا ہے۔ بابر اعظم کو یکم اکتوبر کو دبئی میں ہونے والی نیلامی میں 80 ہزار ڈالر کی بنیادی قیمت پر ڈیزرٹ وائپرز نے خریدا، جبکہ اسی قیمت پر فخر زمان اور نسیم شاہ بھی ڈیزرٹ وائپرز کا حصہ بنے۔
News Source: Express News