
استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں اضافے اور مقامی مینوفیکچررز کے تحفظات پر وزیراعظم شہباز شریف نے آج اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، جبکہ وزیراعظم اس حوالے سے اہم احکامات بھی جاری کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کمرشل اور گفٹ اسکیم کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کے شرکا کو ملک میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کے تازہ اعداد و شمار پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ریگولیشنز میں نرمی کے بعد پاکستان میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ستمبر 2026 میں پاکستان نے 2 ہزار 276 استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کیں، جبکہ اس کے مقابلے میں مئی 2026 میں صرف 48 استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کی گئی تھیں۔ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں اس بڑے اضافے پر مقامی مینوفیکچررز نے گہری تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقامی مینوفیکچررز کا موقف ہے کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی درآمد سے مقامی آٹو انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹو سیکٹر کے تحفظات دور کرنے کے لیے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا، جبکہ گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے بڑے فیصلے بھی متوقع ہیں۔
News Source: Express News