ون ڈے ورلڈ کپ 2027: پاک بھارت ٹاکرے کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا

News Image

کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں پاک بھارت ٹاکرے کا سحر سر چڑھ کر بول رہا ہے، جس کے لیے اب تک سب سے زیادہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی مانگ نے ابتدائی مرحلے میں ہی تمام اندازے پیچھے چھوڑ دیے ہیں۔ تین دن سے بھی کم عرصے میں ٹکٹ بیلٹ کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے مختلف میچوں کے لیے اب تک 11 لاکھ سے زیادہ درخواستیں جمع ہو چکی ہیں۔ شائقین میں سب سے زیادہ جوش و خروش روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کے حوالے سے دیکھا جا رہا ہے جس کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد درخواستیں آ چکی ہیں۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے ٹاکرے کے لیے 86 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان 7 نومبر کو شیڈول سپر 7 میچ کے لیے بھی شائقین کی بھرپور دلچسپی برقرار ہے اور لگ بھگ 78 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ 21 نومبر کو کھیلے جانے والے فائنل کے لیے بھی لگ بھگ 69 ہزار درخواستیں جمع ہو چکی ہیں۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کا کہنا ہے کہ ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے محض 48 گھنٹوں میں 10 لاکھ درخواستیں آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کی عالمی مقبولیت کس قدر بڑھ چکی ہے۔ ان کے مطابق آئی سی سی کے بڑے ایونٹس اب صرف کھیل تک محدود نہیں رہے بلکہ مختلف خطوں اور ثقافتوں کو جوڑنے کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو قونڈیسا نگونیا نے بھی غیر معمولی مانگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شائقین کے بے مثال جذبے کا اظہار ہے۔ ان کے مطابق جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا دنیا بھر سے آنے والے شائقین کی میزبانی کے لیے تیار ہیں اور یہ ٹورنامنٹ میدان کے اندر اور باہر ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا۔ ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن کا عمل 21 نومبر کو رات 11 بج کر 59 منٹ تک جاری رہے گا۔ شائقین کے لیے اس بیلٹ میں شامل ہونا بالکل مفت ہے اور رجسٹریشن کے وقت کوئی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی۔ ہر شخص ہر میچ کے لیے ایک بار درخواست دے سکتا ہے جبکہ ایک سے زائد میچوں کے لیے بھی درخواست دینا ممکن ہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگی، اس لیے رجسٹریشن کے آغاز یا بعد میں درخواست دینے سے کامیابی کے امکان پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اگر کسی میچ کے لیے نشستوں سے زیادہ درخواستیں آئیں تو کامیاب شائقین کا فیصلہ قرعہ اندازی سے کیا جائے گا۔ تمام درخواست گزاروں کو نتائج کی اطلاع ان کی فراہم کردہ ای میل پر دی جائے گی۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم