
بھارتی شہر کانپور کے رہائشی نے تھائی لینڈ کی ایک خاتون کو محبت کے جال میں پھنسا کر اس سے لاکھوں روپے ہتھیا لیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی نژاد تاجر عرفان کی تھائی لینڈ میں ریسٹورنٹ اور کینٹین چلانے والی تھائی خاتون اپسورن سے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی تھی۔ یہ دوستی بعد میں محبت میں بدل گئی اور پھر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے لیے عرفان خود تھائی لینڈ گیا اور دو سال قبل اپسورن سے شادی کر لی۔ اپسورن کا کہنا ہے کہ اس وقت عرفان نے خود کو غیر شادی شدہ ظاہر کیا تھا اور مجھ سے کاروباری ضروریات کے نام پر رقم مانگنا شروع کر دی۔ تھائی خاتون کے بقول اس نے اپنے کاروبار کی آمدنی سے اور رشتہ داروں سے ادھار لے کر عرفان کو تقریباً 60 لاکھ روپے دیے۔ تھائی خاتون نے بھارتی پولیس کو بتایا کہ یہ رقم اینٹھنے کے بعد عرفان کاروبار کے بہانے بھارت چلا آیا اور مجھ سے رابطہ منقطع کر دیا۔ خاتون کے مطابق کئی ماہ تک شوہر سے رابطہ نہ ہونے پر وہ 6 اکتوبر کو کانپور پہنچی اور عرفان کے گھر گئی جہاں اسے معلوم ہوا کہ وہ پہلے سے ہی شادی شدہ ہے۔ تھائی خاتون نے پولیس کو مزید بتایا کہ عرفان 12 سال سے شادی شدہ ہے اور اس کے تین بچے بھی ہیں جبکہ اس نے مجھ سے جھوٹ بولا تھا۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ رقم واپس مانگنے پر عرفان نے اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر وہ اس کے ساتھ رہنا یا اپنی رقم واپس لینا چاہتی ہے تو اسے اسلام قبول کرنا ہوگا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے عرفان کو گرفتار کر لیا اور شادی کی دستاویزات، بینک لین دین اور تشدد کے الزامات کے تحت تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
News Source: Express News