پنشن بچت کنندگان کے لیے نیا کم لاگت سرمایہ کاری آپشن متعارف

News Image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے والنٹری پنشن اسکیم کے تحت ’پیسو ایکویٹی سب فنڈ‘ متعارف کروا دیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔ ایس ای سی پی کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد پنشن بچت کنندگان کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا آسان اور کم لاگت ذریعہ فراہم کرنا ہے۔ کمیشن نے وضاحت کی کہ پیسو ایکویٹی سب فنڈ مخصوص مارکیٹ انڈیکس کی پیروی کر کے کم اخراجات میں سرمایہ کاری کا فائدہ پہنچاتا ہے۔ نیا فنڈ موجودہ ایکویٹی، ڈیٹ اور منی مارکیٹ سب فنڈز کے ساتھ لازمی طور پر میسر ہوگا، جس کی بدولت بچت کنندگان کو ایکٹیو اور پیسو فنڈز کے درمیان انتخاب کی سہولت ملے گی۔ ایس ای سی پی کے مطابق فنڈ مینیجرز یہ فنڈ براہ راست مارکیٹ انڈیکس کو ٹریک کر کے یا پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ای ٹی ایفز میں سرمایہ کاری کے ذریعے چلا سکیں گے۔ ای ٹی ایف پر مبنی آپشن کے تحت سالانہ مینجمنٹ فیس زیادہ سے زیادہ 0.75 فیصد ہوگی، جبکہ اپنی کمپنی کے ای ٹی ایفز پر کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔ چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ نئے فنڈز سے بچت کنندگان کو ریٹائرمنٹ فنڈز کے لیے بہتر انتخاب اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے سستا ذریعہ میسر آ سکے گا۔ ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے مزید کہا کہ اس اقدام کا اصل مقصد طویل المدتی ریٹائرمنٹ بچتوں کے لیے آسان اور کم لاگت متبادل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی پنشن نظام کو مستحکم بنانا ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم