
ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ اسٹار ایوا میری سینٹ 102 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ اداکارہ نے منگل کے روز لاس اینجلس میں واقع اپنے گھر پر اہل خانہ اور قریبی عزیزوں کی موجودگی میں آخری سانس لی۔ ان کے نمائندے جیف سینڈرسن کے مطابق اداکارہ کا انتقال قدرتی وجوہات کی بنا پر ہوا۔ ایوا میری سینٹ نے تقریباً سات دہائیوں پر محیط اپنے طویل کیریئر کے دوران فلم اور ٹیلی وژن دونوں شعبوں میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ ان کا فلمی سفر 1954 کی شہرہ آفاق فلم ’آن دی واٹر فرنٹ‘ سے شروع ہوا، جس میں انہوں نے مارلن برانڈو کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ پہلی ہی فلم میں عمدہ کارکردگی پر انہیں بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ ملا اور یوں انہوں نے ہالی ووڈ میں اپنی مستقل جگہ بنا لی۔ 1959 میں الفریڈ ہچکاک کی سسپنس سے بھرپور فلم ’نارتھ بائی نارتھ ویسٹ‘ ان کے کیریئر کا ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ اس فلم میں وہ کیری گرانٹ کے مد مقابل ایک خفیہ ایجنٹ کے مرکزی کردار میں نظر آئیں۔ اپنے طویل فنی سفر میں ایوا میری سینٹ نے پال نیومین اور وارن بیٹی سمیت کئی بڑے اداکاروں کے ہمراہ کام کیا۔ فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر بھی ان کی کامیابیوں کا سفر جاری رہا اور 1990 میں ’پیپل لائک اَس‘ کے لیے انہیں باوقار ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ زندگی کی آخری دہائیوں تک وہ شوبز سے وابستہ رہیں اور ’سپرمین ریٹرنز‘ اور ’ونٹرز ٹیل‘ جیسی فلموں میں اداکاری کی۔ انہیں آخری مرتبہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میریئٹ اِن ایکسٹیسی‘ میں اسکرین پر دیکھا گیا تھا۔ نجی زندگی میں ایوا میری سینٹ نے ٹی وی ڈائریکٹر جیفری ہیڈن سے شادی کی تھی اور یہ رشتہ تقریباً 65 سال تک قائم رہا۔ جیفری ہیڈن کا انتقال 2016 میں ہوا تھا، جبکہ اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔
News Source: Express News