
ملک بھر میں تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے مجموعی آبادی میں میٹرک پاس افراد کا تناسب تقریباً 15 فیصد ہے جبکہ انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے والے 8 فیصد اور بی اے، بی ایس یا اس سے اوپر ڈگری رکھنے والے 6 فیصد ہیں، جبکہ کل آبادی کا 67.5 فیصد حصہ اب بھی میٹرک سے کم تعلیم یافتہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری تخمینوں کے مطابق ملک میں اس وقت مختلف تعلیمی درجات میں زیرِ تعلیم طلبہ اور مجموعی آبادی میں ڈگری ہولڈرز کی صورتحال کچھ یوں ہے کہ ملک بھر کے ثانوی تعلیمی اداروں (ہائی اسکولوں) میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد تقریباً 58 لاکھ ہے۔ تاہم مجموعی آبادی میں میٹرک پاس افراد کا تناسب تقریباً 15 سے 16 فیصد ہے جبکہ میٹرک کی سطح پر خالص اندراج کی شرح صرف 30 فیصد ہے۔ انٹر کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد تقریباً 31.7 لاکھ ہے، اور ملک کی کل آبادی میں انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے والے افراد کا حصہ تقریباً 8 سے 9 فیصد بنتا ہے۔ ڈگری کالجوں میں بی اے، بی ایس اور اعلیٰ تعلیم کے لیے تقریباً 9.4 لاکھ طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ ملک کی جامعات میں مجموعی طور پر 20 لاکھ کے قریب طلبہ رجسٹرڈ ہیں، اور مجموعی آبادی کے تناسب سے ملک میں یونیورسٹی ڈگری (بی اے، بی ایس یا اس سے اوپر) رکھنے والے افراد کی شرح محض 6 سے 7 فیصد ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں گریجویشن کی شرح 4.72 فیصد (جس میں خواتین کا تناسب 5.43 فیصد اور مردوں کا 4.15 فیصد ہے) اور ماسٹرز یا اس سے زیادہ کی شرح 2.58 فیصد بتائی جاتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں گریجویٹس (بی اے، بی ایس یا ماسٹرز) کا تناسب تقریباً 4 فیصد، سندھ میں 5.5 فیصد جبکہ بلوچستان میں 2.5 فیصد ہے۔
News Source: Express News