
سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے امریکا کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا کر شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ دوسرے کوارٹر کے 18ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول کیا جبکہ 21ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے برتری 2-0 کر دی۔ تیسرے کوارٹر میں امریکا کے سیکائی نے گول کر کے خسارہ کم کیا مگر محمد عماد نے فوری طور پر گول داغ کر پاکستان کی برتری 3-1 کر دی۔ آخری کوارٹر میں ابو محمد نے 46ویں اور حنان شاہد نے 58ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان کی 5-1 سے فتح یقینی بنا دی۔
News Source: Express News