پی ایس ایل 12: ڈائریکٹ سائننگ مکمل، کس ٹیم نے کون سا کھلاڑی منتخب کیا؟

News Image

پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کی ڈائریکٹ سائننگ کا وقت ختم ہوگیا تاہم رنرز اپ حیدرآباد کنگزمین اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے کوئی کھلاڑی منتخب نہ کیا۔ رواں پی ایس ایل کی ڈائریکٹ سائننگ میں آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹنگ آل راونڈر میتھیو شارٹ سب سے مہنگے کھلاڑی رہے جنہیں راولپنڈی نے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ روپے میں سائن کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے ہی ایک اور فاسٹ بولر میٹ ہینری کو 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ لاہور قلندرز نے سری لنکا کے بیٹنگ آل راونڈر کمیندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے، کراچی کنگز نے انگلینڈ کے تجربہ کار لیگ اسپنر عادل رشید کو 6 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ ملتان سلطانز نے آسٹریلیا کے لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں سائن کیا۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے ڈائریکٹ سائننگ کے بجائے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، ٹریڈز اور پلیئر آکشن کے ذریعے اسکواڈ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قواعد کے مطابق ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑی برقرار رکھ سکے گی جن میں ڈائریکٹ سائننگ بھی شامل ہوگی۔ پی ایس ایل 12 کے لیے ریٹینشن کی آخری تاریخ 13 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ آکشن میں ہر فرنچائز کا سیلری کیپ 45 کروڑ روپے ہوگا جو نئی ڈائریکٹ سائننگ کرنے یا گزشتہ سال کی ڈائریکٹ سائننگ کو برقرار رکھنے کی صورت میں بڑھ کر 50 کروڑ 50 لاکھ روپے ہو جائے گا۔ ہر فرنچائز کو آکشن میں کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے لازمی خرچ کرنے ہوں گے۔ پی ایس ایل 12 کا آغاز پہلی مرتبہ پشاور میں افتتاحی میچ سے ہوگا جبکہ ایونٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم