
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر حوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، تاہم میزائل کا ملبہ گرنے سے کچھ عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سول ڈیفنس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں واقعے کی تصدیق کی ہے، البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ملبہ گرنے سے کوئی جانی نقصان یا کوئی شخص زخمی ہوا ہے یا نہیں۔ سول ڈیفنس کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ ریاض کی فضا میں بیلسٹک میزائل کو ناکارہ بنا دیا گیا تھا، جس کے بعد اس کے ٹکڑے شہر کے مختلف حصوں میں جا گرے۔ میزائل کے ان ٹکڑوں کی زد میں آ کر بچوں کے ایک اسکول اور طبی سہولیات پر مشتمل کمپلیکس کو نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ حالیہ دنوں میں یمن سے سعودی عرب کی سمت میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد ریاض سمیت مختلف شہروں میں فضائی دفاعی نظام کو چوکنا کر دیا گیا ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا تھا، تاہم گرنے والے ملبے نے شہری آبادی اور تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ واقعے میں متاثرہ مقامات اور نقصانات کی مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
News Source: Express News