
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمد سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ ایک ریاست میں دو قانون نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے نانا نے ذاتی مفادات کی خاطر ادھر تم، ادھر ہم کا نعرہ لگایا جس کے نتیجے میں مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہوا۔ پشاور کے کوہاٹی گیٹ پر پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پشاور کے عوام نے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے پنجاب کی وزیر اعلی پر پختونوں کے خلاف بیان بازی کا الزام لگاتے ہوئے سخت تنقید کی۔ سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ بلاول بھٹو کے والد خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی سازش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک مخصوص ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے مشرقی پاکستان کی علیحدگی کا ذمہ دار پیپلز پارٹی کو قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو اور ان کے نانا پر کڑی تنقید کی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کا لانگ مارچ پشاور میں کبوتر چوک، رنگ روڈ پہنچ گیا جہاں کارکنوں کو شام 7 بج کر 30 منٹ تک پہنچنے کا وقت دیا گیا تھا۔
News Source: Express News