
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کے فن اور عالمی شہرت کو سراہتے ہوئے انہیں اپنا پسندیدہ پنجابی گلوکار قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں وسیم اکرم سے ان کے پسندیدہ پنجابی فنکار کے بارے میں پوچھا گیا۔ سابق فاسٹ بولر نے بغیر کسی جھجھک کے دلجیت دوسانجھ کا نام لیا اور ان کی زبردست تعریف کی۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ دلجیت کی موسیقی شاندار ہے اور ان کا شمار دنیا کے بڑے فنکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دلجیت نے بین الاقوامی سطح پر جو مقام اور کامیابی حاصل کی ہے، وہ بلاشبہ اس کے حقدار ہیں۔ وسیم اکرم کی اس گفتگو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا اور مداحوں نے دونوں ملکوں کے نامور ستاروں کے درمیان باہمی عزت و احترام کو دل کھول کر سراہا۔ دلجیت دوسانجھ حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر ایک بڑی شناخت بن کر ابھرے ہیں۔ ان کی شاندار گلوکاری، پُرجوش اسٹیج پرفارمنس اور منفرد انداز نے دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد پیدا کر دی ہے۔
News Source: Express News